لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کے خلاف درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کر دی۔ جسٹس مامون الرشید نے کہا لارجر بینچ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کے خلاف حکم امتناعی کے لیے درخواستوں پر کاروائی کرے گا، درخواستوں کی سماعت جلد ہوگی۔
یاد رہے نئے بلدیاتی نظام کے تحت بلدیاتی ادارے تحلیل ہو گئے۔ پنجاب حکومت نئے نظام کے تحت ایک سال کے اندر بلدیاتی انتخابات کرائے گی، اس مدت کے دوران حکومت پنجاب صوبہ بھر میں ایڈمنسٹریٹرز مقرر کرے گی۔
پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام دو درجوں پر مشتمل ہو گا۔ تحصیل اور ویلج کونسل کا نظام قائم کیا جائے گا۔ نئے بلدیاتی نظام میں ضلع کونسل کے نظام کو ختم کرنے کی سفارش کرتے ہوئے ضلع کونسل کی بجائے تحصیل کونسل کا نظام تجویز کر دیا گیا ہے۔ شہروں میں میونسپل اور محلہ کونسل جبکہ دیہات میں تحصیل اور ویلج کونسل ہوگی۔