اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مواصلات مراد سعید نے اپوزیشن اراکین کو ’غلام‘ جبکہ بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان پیپلز پارٹی کا ’حادثاتی چیئرمین‘ قرار دیدیا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کے خطاب پر ردعمل دینے وزیر مواصلات مراد سعید نے مائیک سنبھالا تو اسی وقت اپوزیشن اراکین نے احتجاج شروع کر دیا لیکن انہوں نے اپنی بات جاری رکھی۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ اگر یہ جواب نہیں سنیں گے تو ہم بھی بولنے نہیں دیں گے۔ اپوزیشن خود بات کرتی ہے لیکن بعد میں سننے کی ہمت نہیں ہوتی۔ انہوں نے احتجاج کرنے والوں کو ’غلام‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کو غریبوں کی بڑی فکر ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ ابھی لاڑکانہ سے رکن قومی اسمبلی نے اظہار خیال کیا ہے۔ بلاول سے امید تھی کہ وہ اپنے حلقے کے ایڈز کے کیسز پر بات کریں گے۔ عجیب تماشا ہے، ایک ایک گھنٹہ تقریریں کرتے ہیں، آج ہم نے ایوان میں لاڑکانہ میں ایڈز کے مسئلے پر بات کرنی تھی، صرف سوال سن لیتے۔
اپنی جذباتی تقریر میں مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وعدہ کیا تھا کسی چور کو این آر او نہیں دیں گے، بلاول این آر او مانگ رہے ہیں لیکن ہم نہیں دیں گے۔