اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایم ڈی انٹر سٹیٹ گیس سسٹم مبین صولت نے کہا ہے کہ دستخط کر رکھے ہیں، چاہتے ہیں کہ منصوبہ مکمل ہو۔ منصوبے کی راہ میں درپیش چیلنجز کو مل کر حل کرنا ہوگا۔
ایم ڈی انٹر سٹیٹ گیس سسٹم مبین صولت کا دنیا نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ منصوبے پر ایرانی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ مذاکرات دونوں ممالک کی متعلقہ کمپنیوں کےحکام کے درمیان ہوں گے۔
مبین صولت کا کہنا تھا کہ ایرانی وفد عید سے قبل پاکستان کا دورہ کرے گا، تاہم حتمی تاریخ کا تعین ایران کی جانب سے جواب موصول ہونے پر کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران سے تکنیکی سطح پر منصوبے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔ جب بھی وے فارورڈ نکال سکے تو نکالیں گے۔ پاکستان نے منصوبے پر دستخط کر رکھے ہیں، چاہتے ہیں منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے، تاہم منصوبے کی راہ میں درپیش چیلنجز کو مل کر حل کرنا ہوگا۔