پیپلز پارٹی نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو تبدیل کرنے کا مشورہ دیدیا

Last Updated On 16 May,2019 06:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو تبدیل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پارٹی کے کسی اور رہنما کو اپوزیشن لیڈر نامزد کر دے۔

 

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈرشپ نے مسلم لیگ ن کی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ حمزہ شہباز کو اپوزیشن لیڈر کے منصب سے تبدیل کرتے ہوئے ان کی جگہ کسی اور رہنما کو نامزد کر دیا جائے۔

پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز شریف اپنے ذاتی اور خاندانی کیسوں میں الجھے ہوئے ہیں۔ ان کے پاس پارلیمانی امور چلانے کا وقت نہیں ہے۔ اپوزیشن کے درمیان رابطوں کے فقدان کے باعث حکومت کو ٹف ٹائم نہیں دیا جا رہا۔

پیپلز پارٹی کی قیادت نے شکوہ کیا کہ قائمہ کمیٹیوں کے انتخاب کے بائیکاٹ کے حوالے سے ان سے ن لیگ نے رابطہ نہیں کیا، جس کی بنا پر پیپلز پارٹی نے پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے بائیکاٹ میں بھی مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا ہے۔