ڈالر پر تبصرے کرنیوالے سائنس دان بنے ہوئے ہیں: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 17 May,2019 12:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈالر پر تبصرے کرنیوالے سائنس دان بنے ہوئے ہیں، باتیں وہ لوگ کر رہے ہیں جنہوں نے معیشت کو لہولہان کیا اور اربوں روپے کا قرض چھوڑ کر گئے۔

 معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا غریب، مزدور اور محنت کشوں کا جتنا احساس وزیراعظم کے دل میں ہے کسی سابقہ حکمران کے دل میں نہیں دیکھا، 8 ماہ کی حکومت سے 70 سال کاحساب نہیں مانگا جاسکتا، پاکستان کا مفاد ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سب سے زیادہ مزدور اور پسے ہوئے طبقے کی فکر ہے، ہم نے مشاورت سے آگے بڑھنا ہے، ماضی کے حکمرانوں نے ملکی معیشت کو قرضوں تلے دبا دیا، حکومت میڈیا سے جڑے مسائل اور مشکلات سے آگاہ ہے۔

قبل ازیں مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا شریف خاندان نے معاشی دہشتگردی کی، اب کس منہ سے عوام کے پاس جانے کی بات کرتے ہیں، شریف خاندان نے عوام اور معیشت کو لہو لہان کئے رکھا، 30 سال ملکی معیشت کا جنازہ نکالنے والے عوام کا مزید تیل نکالنا چاہتے ہیں۔

 

Advertisement