لاہور: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نااہل وزیراعظم کھلاڑی نہیں کھلنڈرا ہے، معیشت ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر رہی ہے، حکمران پرفارم کریں یا معافی مانگ کر گھر واپس جائیں۔ اپوزیشن اکٹھی نہ ہوئی تو قوم معاف نہیں کرے گی۔
لاہور میں حمزہ شہباز کا میڈیا ٹاک کے دوران کہنا تھا کہ ملک کی تاریخ کا بدترین معاشی بحران ہے۔ اپوزیشن جماعتیں آج اکٹھی نہیں ہوئیں تو قوم ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ وقت تیزی سے گزر رہا ہے،حکومت نے ملک کو بھکاری بنا دیا، عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ عمران خان جیسا شخص ملک کاوزیراعظم ہے، جس شخص کوڈالرگرنے کاعلم ٹی وی سے ہو وہ ملک کاوزیراعظم ہے۔ کل وزیراعظم نے کہا کہ سمندرسے گیس کے ذخائرنکل رہے ہیں دعا کریں، اتنابے خبرشخص ملک کاوزیراعظم ہے۔حمزہ شہبازکا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہورہی ہیں کیونکہ ہمیں ملکی صورتحال پر تشویش لاحق ہے۔