کراچی: (دنیا نیوز) احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئین کی خلاف ورزی اور پارلیمینٹ کو غیر موثر کیا گیا تو تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت کا سڑکوں پر مقابلہ کریں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے کیونکہ ’استرا‘ ایک اناڑی کے ہاتھ میں آ گیا ہے۔
احسن اقبال پاکستان مسلم لیگ ن میں سیکرٹری جنرل کے عہدے پر نامزدگی کے بعد حاضری کیلئے مزار قائد پہنچے اور لیگی رہنماؤں کے ہمراہ وہاں پر پھول چڑھائے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ناک سے لکیریں کھینچ کر آئی ایم سے قرضے لیے اور ڈالر کو مہنگا کرکے عوام کو مشکلات میں ڈال دیا۔ انھوں نے عوام سے سوال کیا کہ وہ بتائیں کہ ایک سال قبل کا پاکستان اچھا تھا یا آج کا نیا پاکستان اچھا ہے؟
احسن اقبال کا کہنا تھا پاناما کا وائرس ڈال کر ملک کو تباہ کرنے کی سازش کی گئی۔ اس سے قبل ملک کی معیشت تیزی سے آگے بڑھ رہی تھی۔ انھوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ آرمی چیف کے بیان پر ضرور غور کریں۔
انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ کمزور ہوئی تو ملک کمزور ہوگا۔ نواز شریف اپنے اصول کی وجہ سے جیل میں ہیں۔