لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈوبتی ہوئی معیشت قومی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہے، قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد عوام کیسے زندہ رہیں گے، گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا مہنگائی اور معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کم از کم تنخواہ 30 ہزار کی جائے، تنخواہ دار طبقے کو تنخواہ میں کم از کم 10 ہزار روپے کا فوری ریلیف دیا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا نیازی حکومت ملکی امور چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ملکی معیشت اسی طرح ڈوبتی رہی تو قومی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہے، نالائق اور نااہل ٹولہ ملک و قوم کے مفاد پر تجربات کرنے کے بجائے گھر چلا جائے، نااہل ٹیم جس قدر جلد حکومتی امور سے الگ ہو جائے اتنا ہی ملک و قوم کے حق میں بہتر ہوگا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قوم اس وقت سب سے بڑی تبدیلی یہ چاہتی ہے کہ نااہل اور نالائق ٹولہ تبدیل ہوجائے، نیازی صاحب کی نالائقی، نااہلی اور کوتاہ نظری نے پاکستان کی معیشت کو ایشیا کی بدترین معیشت بنا دیا، وقت ثابت کر رہا ہے کہ نیازی صاحب لوگوں کو صرف گالیاں دے سکتے ہیں، ملک گالیاں دینے سے نہیں چلتے، ملک کی سنگین ہوتی معاشی صورتحال خطرے کی گھنٹیاں بجا رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا محب وطن قوتوں کو سوچنا ہوگا خدانخواستہ معیشت اس سے مزید نیچے گئی تو پھر اس کی واپسی معجزہ ہی ہوگی، ملک اور قوم مزید یہ دباؤ برداشت کرنے کے متحمل نہیں۔