لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے کرپشن کیس کے ملزم عطا اللہ کی بریت کیخلاف نیب کی اپیل مسترد کر دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نیب کو سوچنا چاہیے صرف کیس بنانا اور پکڑ دھکڑ مقصد نہیں، لوگ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، ٹھوس شواہد اکٹھے کئے جائیں۔
کرپشن کیس کے ملزم کی بریت کیخلاف نیب اپیل کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا 19 سال سے ملزم کو رگڑا لگایا جا رہا ہے، ملزم پر جس عہدے کی بنیاد پر کرپشن کا الزام ہے، اس عہدے کا ثبوت تک نہیں، نیب آخر کرتا کیا ہے ؟ کیا نیب کا مقصد صرف کیس کو بنانا ؟۔
چیف جسٹس نے کہا نیب کا مقصد کیس ثابت کرنا ملزم کو سزا دلوانا بھی ہے، نیب کے اسی رویے کی وجہ سے لوگ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ ملزم پر نیشنل بینک میں بطور کیشیئر کرپشن کا الزام تھا، ہائی کورٹ ملزم کو 4 سال قبل بری کر چکی ہے۔