راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کامیابی کی جانب سفر سست مگر مثبت ہے، ہمیں پرعزم رہنا ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سٹاف کورس کرنے والے طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ماضی قریب میں پاکستان نے کئی چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ ہمارا کامیابی کی طرف سفر سست مگر مثبت ہے۔ پاکستان اب دیرپا امن واستحکام کے قیام کے سفر پر گامزن ہے۔
آرمی چیف نے دہشتگردی کیخلاف جنگ اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں نوجوان افسروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ نوجوان افسر ملک کو درپیش چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی مقاصد حاصل کرنے کے لیے کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے ہمیں پرعزم رہنا ہوگا۔