راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پولینڈ کی مسلح افواج کے سربراہ نے ملاقات کی اور پاک فوج کے خطے میں امن کے کردار کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پولش مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل جاروسلامیکا نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں مسلح افواج کے درمیان دفاع، تربیت اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔ لیفٹیننٹ جنرل جاروسلامیکا نے پاکستان کی مسلح افواج کی مہارت اور دہشتگردی کے خلاف کامیابی کو سراہا۔
پولش مسلح افواج کے سربراہ نے پاکستان آرمی کے خطے میں امن کے لیے کردار کو بھی سراہا۔ جی ایچ کیو پہنچنے پر پولینڈ کی مسلح افواج کے سربراہ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ پولینڈ کی مسلح افواج کے سربراہ کو اس موقع پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔