اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین تعاون بڑھانے اور خطے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی. قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ایرانی ہم منصب سے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں پاک ایران تعلقات اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ کوششوں سمیت اہم امور پر بات چیت کی گئی.
وزیراعظم پاکستان سے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی جس کے دوران دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین تعلقات کو مضبوط بنانے، علاقائی سکیورٹی سمیت درپیش چیلنجز کو مشترکہ کوششوں سے نمٹنے سے متعلق بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں حالیہ امریکہ ایران کشیدگی سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔
قبل ازیں وزارت خارجہ میں پاکستان اور ایران کے مابین وفود کی سطح پر آج مذاکرات ہوئے، شاہ محمود قریشی اور جواد ظریف نے اپنے ملکوں کے وفود کی قیادت کی جس کے دوران ہمسایہ ممالک کے مابین سکیورٹی، دہشتگردی کے خلاف مشترکہ اقدامات ،بارڈر سکیورٹی کے حوالے سے باہمی تعاون سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
مذاکرات کے دوران ہمسایہ ممالک کے مابین تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔ ایرانی وزیرخارجہ نے پاکستانی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کیلئے اسلام آباد کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
پاکستان میں اپنے قیام کے دوران ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلٰی سیاسی و عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، منصب سنبھالنے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ کا یہ تیسرا دورہ پاکستان ہے۔