کوہستان ویڈیو سکینڈل، افضل کی بیوہ سے تعلقات کے شبہے میں نوجوان قتل

Last Updated On 26 May,2019 03:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کوہستان ویڈیو سکینڈل نے ایک اور جان لے لی، افضل کوہستانی کی بیوہ سے تعلقات کے شبے میں نوجوان کو قتل کردیا گیا جبکہ خاتون لاپتہ ہوگئی، پولیس نے افضل کوہستانی کے بھائی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

کوہستان ویڈیو سکینڈل میں پھرنیا موڑ، بٹگرام میں غیرت کے نام پر نوجوان وقار کو قتل کر دیا گیا، افضل کوہستانی کے بھائی گل نذیر پر قریبی عزیز کو قتل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق افضل کوہستانی کے بھائی نے بھابھی سے تعلقات کے شبہ میں نوجوان کو قتل کیا، افضل کوہستانی کی بیوہ بھی لاپتہ ہے، حرابی بی رمضان سے پہلے ایبٹ آباد میں میکے گئی تھیں، پولیس حکام کے مطابق خاتون کی گمشدگی کی درخواست پر تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب افضل کوہستانی کے بھائی بن یاسر نے نوجوان کے قتل سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، انکا کہنا ہے کہ بدنام کرنے کیلئے جھوٹا مقدمہ درج کرایا گیا، معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ چارلڑکیوں کے قتل کا معاملہ سامنے لانے والے افضل کوہستانی کو رواں سال مارچ میں اور ان کے تین بھائیوں کو دوہزار تیرہ میں اسی معاملے میں قتل کیا جاچکا ہے۔