اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی نائب صدر کا تین روزہ دورہ پاکستان، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، مہمان کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
چینی نائب صدر وانگ کی شن تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو شاہ محمود قریشی اور وزیر مہمان داری خسرو بختیار نے ان کا استقبال کیا۔ چینی نائب صدر وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم عمران خان نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وفود کے سطح پر مذاکرات شروع ہوئے۔ چین اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور تکینکی امور میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
چینی نائب صدر وانگ کی شن کو پاکستان کا سب سے اعلیٰ سول ایوارڈ نشان پاکستان عطا کیا گیا۔ نشان پاکستان کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے اور تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔
صدر مملکت نے بعد ازاں پاک چین تعلقات کے فروغ کیلئے چینی نائب صدر کو نشان پاکستان کا اعزاز عطا کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزراء، مسلح افواج کے اعلیٰ افسران، اراکین قومی اسمبلی اور چینی وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔