بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے سوشل میڈیا پر ایک شخص کو تشدد و بیچارگی کی علامت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جو چینی ویلنٹائن ڈے پر محبوبہ کو نیا فون نہیں دے سکا۔ اس پر لڑکی نے 50 سے زائد زور دار تھپڑ رسید کئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی جوڑے ہرسال مئی کے آخر میں یومِ محبت مناتے ہیں جسے 520 بھی کہا جاتا ہے۔ اس موقع پر سچوان صوبے میں عجیب واقعہ پیش آیا جب لڑکی نے بوائے فرینڈ کو فون نہ دلانے پر تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے وقفے وقفے سے 50 تھپڑ مارے۔
یہ واقعہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں محفوظ ہوا اور اس کے بعد پوری دنیا میں پھیلا۔اگرچہ ویڈیو میں سارے طمانچے نہیں دیکھے جا سکتے لیکن عینی شاہدین اور پولیس کا بیان ہے کہ خاتون نے 50 کے قریب تھپڑ ضرور لگائے ہوں گے۔اس دوران لڑکا ضبط کے عالم میں کھڑا یہ سب کچھ برداشت کرتا رہا اور زوردار طمانچے کھانے کے باوجود پرسکون رہا۔
پولیس کے آنے پر نوجوان نے بتایا کہ فون نہ لانا اس کی غلطی تھی کیونکہ یہ لڑکی اس کے ہر طرح کے اخراجات اٹھاتی ہے اور اس نے ویلنٹائن ڈے پر ایک فون کی فرمائش کی تھی۔