چینی نائب صدر وانگ چی شن دو روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے

Last Updated On 27 May,2019 06:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ائیرپورٹ پر چینی نائب صدر وانگ چی شن کا استقبال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے دورے سے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا نیا باب لکھے گا۔ چینی نائب صدر نے کہا کہ پاکستان کے دل لاہور آ کر دلی خوشی ہوئی ہے۔

چینی نائب صدر وانگ چی شن دو روزہ دورے پرلاہور پہنچے تو ائیرپورٹ پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کابینہ ارکان کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ چین کے نائب صدر نے میزبانوں کیساتھ پرجوش مصافحہ کیا۔ اس موقع پر بچیوں نے معزز مہمان کو گلدستے پیش کیے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزرا کا چین کے نائب صدر سے تعارف کرایا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اپنے بھائی کو لاہور کی سرزمین پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ چین کے نائب صدر کی آمد اہل پنجاب کیلئے اعزاز ہے۔ آپ کے دورے سے پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ آپ کا دورہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا نیا باب لکھے گا۔

اس موقع پر چینی نائب صدر وانگ چی شن نے کہا کہ پاکستان کے دل لاہور آ کر دلی خوشی ہوئی ہے۔