لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ریلوے نے عید الفطر پر اضافی رش کے پیش نظر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کر دیا۔
ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی خصوصی ہدایت پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد آفتاب اکبر کی منظوری کے بعد عید کی خصوصی ٹرینوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا۔ پہلی سپیشل ٹرین کراچی سٹی سے 2 جون کو صبح 10 بجکر 45 منٹ پر روانہ ہو گی، دوسری عید سپیشل ٹرین 2 جون کو کوئٹہ سے دن 11 بجکر 30 منٹ پر راولپنڈی کے لئے روانہ ہو گی۔ تیسری سپیشل ٹرین 3 جون دن 11 بجے کراچی کینٹ سے لاہور کے لئے روانہ ہو گی، چوتھی سپیشل 8 جون کو راولپنڈی سے صبح 8 بجے کوئٹہ کے لئے روانہ ہو گی جبکہ پانچویں سپیشل ٹرین 8 جون کو لاہور سے شام 6 بجے کراچی کینٹ کے لئے روانہ ہو گی۔
عید سپیشل ٹرینوں کی بکنگ کل سے شروع ہو جائے گی اور ٹکٹ آن لائن اور ریزرویشن دفاتر سے حاصل کیے جا سکیں گے۔ اسکے علاوہ پاکستان ریلوے کی جانب سے اپنے مسافروں کے لیے عید کے دن عیدی کا اعلان بھی کر دیا گیا، عید کے روز سفر کرنے والے مسافروں کو تمام ٹرینوں میں 50 فیصد رعایت حاصل ہوگی۔