لاہور کراچی ریلوے ٹریک پھر بند، پڈعیدن میں مال گاڑی پٹری سے اتر گئی

Last Updated On 17 May,2019 12:42 pm

پڈعیدن: (دنیا نیوز) کراچی سے لاہور جانے والی مال بردار ٹرین پڈعیدن کے قریب پٹری سے اتر گئی، دونوں طرف سے ٹریک بند ہوگئے، ملک کے دیگر حصوں سے کراچی آنے اور جانے والی ریل گاڑیوں کو مختلف سٹیشنز پر روک لیا گیا۔

پڈعیدن ریلوے سٹیشن کے قریب درگاہ ابراہیم شاہ کے مقام پر کراچی سے لاہور جانے والی مال بردار ٹرین اچانک پٹری سے اتر گئی۔ حادثے میں دونوں ٹریک متاثر ہوئے اور انہیں بند کر دیا گیا۔

حادثے کے باعث گرین لائن ایکسپریس کو پڈعیدن اور خیبر میل ایکسپریس کو باندھی ریلوے سٹیشن پر روک لیا گیا۔ اس کے علاوہ کراچی سے سکھر جانے والی سکھر ایکسپریس کو نوابشاہ اور ملت ایکسپریس کو رانی پور ریلوے سٹیشن پر روکا گیا۔

اطلاع ملنے پر پڈعیدن ریلوے سٹیشن سے امدادی ٹیمیں حادثے کی جگہ پر روانہ کر دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق روہڑی سے ریلوے کرین آنے کے بعد مرمتی کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔