لاہور: (دنیا نیوز) نیب نے شہباز شریف خاندان کے مبینہ فرنٹ مین قاسم قیوم سے ہونے والی تفتیشی رپورٹ احتساب عدالت جمع کروا دی۔ شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس میں نیب کو 10 غیر ملکی منی ایکسچینجر کا ریکارڈ مل چکا ہے۔
نیب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز کو برطانیہ کی 4 اور دبئی کی 6 منی ایکسچینج سے رقوم منتقل ہوئیں، دبئی میں الحسین ایکسچینج، الزرونی ایکسچینج، ملٹی نیٹ ٹرسٹ ایکسچینج سے رقوم منتقل ہوئیں، آر ایم گلوبل ایکسچینج دبئی، ریمس ایکسچینج اور کریم منی ایکسچینج شامل ہیں، برطانیہ میں میاں انٹرنیشنل، عثمان انٹرنیشنل، ایف ایکس کرنسی اور کروس بار منی ایکسچینج شامل ہے۔
عدالت میں نیب کی جانب سے جمع کروائی گئی دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف اینڈ فیملی کو 10 کمپنیوں سے 37 کروڑ بھجیے گئے جس کے ڈیمانڈ ڈرافٹ حاصل کر لیے ہیں، شریف فیملی نے مختلف ملازموں کے نام پر بے نامی کمپنیاں بھی بنا رکھی ہیں، منی لانڈرنگ کی زیادہ تر رقوم بے نامی کمپنیوں میں ٹرانسفر کی جاتی تھیں، بے نامی کمپنیوں سے شریف فیملی کے کمپنی اکاؤنٹس اور فیملی اکاؤنٹس میں رقم منتقل ہوتی۔
واضح رہے اس کیس میں نیب نے ابھی تک کل 5 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔