لاہور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں تقسیم کا کوئی مطالبہ نہیں، متحدہ سیاسی دباؤ سے نکلنے کیلئے نعرے ضرور لگاتی ہے، ایم کیو ایم پہلے اسمبلی میں قرارداد تو لے کر آئے۔
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سعید غنی نے لاہور میں میڈیا ٹاک کے دوران کہا ہے کہ جن مسائل پرلوگ بات کرنے سے ڈرتے ہیں بلاول بھٹوان مسائل پرکھل کر بات کر رہے ہیں۔ایم کیو ایم کا کام لوگوں کو تقسیم کرنا ہے ، اس جماعت کی دہشت گردی کے سبب لوگ بیزار تھے، متحدہ اب دباو سے نکل کر نعرے لگا رہی ہے۔ آئین میں صوبہ بنانے کا طریقہ کار درج ہے۔ سندھ میں اپوزیشن نہیں پیپلز پارٹی مضبوط ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کرانے پابند ہیں تاہم عدالتی فیصلے پر اپنی رائے کا اظہار کرنا توہین عدالت نہیں۔ میڈیا میں رپورٹ ہوا کہ سینکڑوں گھرتوڑنے کاحکم دیا گیا ہے جس پر میں نے ردعمل دیاکہ ایسا ممکن نہیں ہے، میں نے گھروں کوتوڑنے کی بجائے استعفیٰ دینے کوفوقیت دی۔