اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کی لائف پوری ہوگئی ہے، انشااللہ تحریک چلائیں گے۔
سابق صدر آصف علی زردای نے احتساب عدالت آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب احتساب چلے گا یا معیشت چلے گی، موجودہ حکومت کی کوئی زندگی نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سابق صدر نے کہا عید کے بعد احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔
ادھر اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی۔
آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کیس کی سماعت کے لئے احتساب عدالت پہنچے تاہم احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک کی رخصت کے باعث سماعت نہ ہوسکی۔ جج ارشد ملک عمرے کی ادائیگی کے باعث رخصت پر ہیں۔
تمام ملزمان کو ڈیوٹی جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ ڈیوٹی جج نے ملزمان کی حاضری لگا کر کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 14 جون تک ملتوی کر دی۔