اسلام آباد: (دنیا نیوز) فرشتہ قتل کیس کی جوڈیشل انکوائری مکمل کر لی گئی ہے جس میں ایس ایچ او، تفتیشی افسر سمیت دیگر اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
جوڈیشل انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فرشتہ کے اہلخانہ کیساتھ تھانے میں پولیس کا رویہ نامناسب تھا جبکہ پوسٹمارٹم رپورٹ میں تاخیر کا ذمہ دار پولی کلینک کا میڈیکولیگل آفیسر نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق رات کے وقت میڈیکولیگل آفیسر کی ہسپتال میں ڈیوٹی ہی نہیں ہوتی۔ پوسٹمارٹم میں تاخیر کی وجہ بھی میڈیکولیگل افسر کی رات میں ڈیوٹی نہ ہونا تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واقعہ کے بعد متاثرہ خاندان کیخلاف لسانی تعصب کی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ علاقہ مکینوں یا ضلعی انتظامیہ نے لسانی تعصب کا مظاہرہ نہیں کیا۔ جوڈیشل انکوائری میں فرشتہ کیس سے جڑے تمام افراد کے بیانات لیے گئے ہیں۔