پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری کے عیدالاضحیٰ اور محرم سے متعلق ٹویٹ پر وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے ردعمل دیتے ہوئے نامناسب قرار دیدیا ہے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ملک میں آئندہ سال ایک ہی دن روزہ اور عید ہو۔ فواد چودھری ہمارے جید علما کے ساتھ بیٹھ کر مسئلے کو حل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد چودھری نے قمری کلینڈر اور ایپس پر محنت کی جو قابل تعریف ہے۔ عیدالاضحیٰ اور محرم کا اعلان کرنے کی بجائے مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے مشاورت کرنی چاہیے تھی۔
صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا کہ فواد چودھری کے اعلان سے مزید اختلافات بڑھیں گے۔ سب کو اپنے ذاتی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ملکی مفاد کا سوچنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے تحت عید کے اگلے دن چاند بہت بڑا اور نمایاں تھا۔