لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کے بعد جیالوں نے مختلف شہروں میں احتجاج کیا اور حکومت اور نیب کیخلاف مخالف نعرے لگائے گئے۔
گوجرانوالہ میں آصف علی زرداری کی گرفتاری کے خلاف پیپلز پارٹی نے احتجاج کیا، جیالوں نے مینر چوک سے ڈی سی آفس تک ریلی نکالی، احتجاج میں شریک کارکنوں نے ہاتھوں میں کتبے اور پارٹی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے، جیالوں نے نیب اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، اس دوران جیالوں نے ایک زرداری سب پر بھاری کے نعرے لگائے۔
حیدر آباد میں سابق صدر آصیف علی زرداری اور فریال تالپورکی ہائی کورٹ سے ضمانت مسترد اور زرداری کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ حیدرآباد پی پی یوتھ ونگ کے جیالے ڈسڑکٹ کونسل کے سامنے جمع ہو گیے، پارٹی پرچم اٹھائے جیالوں کی حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی، اس دوران جیالوں کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب قدم بڑھاو ہم تمہارے ساتھ ہیں۔
لاہور میں بھی پیپلز پارٹی کے جیالوں نے احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔ لاہور کے 9 مقامات پر احتجاج کیا گیا۔ گلاب دیوی میٹرو سٹیشن پر فیصل میر کی قیادت میں مظاہرہ ہوا۔ جیالوں نے ٹائر جلا کر فیروز پور روڈ پر ٹریفک بند کر دی، ٹریفک بند ہونے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ جس کے باعث میٹرو بس کی سروس بھی بند کر دی گئی۔ اس دوران جیالوں نے حکومت اور نیب کے خلاف نعرے لگائے۔
اُدھر حیران کن طور پر آصف علی زرداری کے آبائی شہر نواب شاہ میں احتجاج نہ ہو سکا، شہر سے ایم این اے منتخب ہونے والے آصف علی زرداری کی گرفتاری پر جیالوں کی پراسرار خاموشی نے سب کو حیران کر دیا، شہر کی تمام کاروباری و تجارتی مرکز میں کاروبار کھلے رہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مختلف مقامات پر پولیس تعینات کر دی گئی۔
خان پور میں بھی آصف زرداری کی گرفتاری کیخلاف دین پور چوک میں جیالوں نے احتجاج کیا۔ تحصیل صدر بلاول بھٹو فورس جام اعجاز کی قیادت میں احتجاج کیا گیا، احتجاجی افراد نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا کر حکومت مخالف نعرے لگائے۔
میرپور ماتھیلو میں جیالوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور سابق صدر آصف زرداری کی گرفتاری پر حکومت کے خلاف نعرے لگائے اورگرفتاری کو نیب کی انتقامی کارروائی قرار دیدیا۔
جیکب آباد، نوشہرو فیروز، محراب پور اور مورو میں بھی کارکن گرفتاری کے فیصلے کے بعد سڑکوں پر آ گئے۔ پیپلز پارٹی زیلی ونگ تنظیموں کے رہنمائوں نے ضلعی دفتر سے لیکر ڈی سی چوک تک احتجاجی مظاہرہ کیا اور نیب کے خلاف نعرے لگائے۔