بلوچستان اسمبلی: بجٹ میں نظر انداز کرنے پر متحدہ اپوزیشن کا احتجاج

Last Updated On 12 June,2019 11:20 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نظر انداز کرنے پر متحدہ اپوزیشن کا احتجاج جاری رہا۔ حزب اختلاف کے ارکان نے واک آؤٹ کیا تو کبھی سپیکر ڈائس کے سامنے دھرنا دیا۔

متحدہ اپوزیشن کا شکوہ تھا کہ آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں حزب اختلاف کی جماعتوں کو نظر انداز کیا گیا۔ اس موقع حکومتی ارکان نے بھی صوبائی حکومت کی پالیسوں کا بھرپور دفاع کیا۔

وزیر خزانہ نے اپوزیشن کے ارکان کے الزامات کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ حقیقی طور پر صوبے کے عوام کی فلاح کا بجٹ ہوگا۔

اپوزیشن کی درخواست پر بلائے جانے والے ایک روزہ اجلاس میں حکومتی موقف سے حزب اختلاف اگرچہ مطمئن تو نہ ہو سکی البتہ اپوزیشن جماعتوں کے ہر رکن کو حکومت کے خلاف دل کی بھڑاس نکالنے کا ضرور موقع ملا۔