کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان ریلوے نے کراچی میں بسنے والے پردیسیوں کی خواہش پوری کر دی، کراچی سے پہلی عید سپیشل ٹرین سات سو چونتیس مسافروں کو لیکر پشاور کے لئے روانہ ہو گئی۔
پاکستان ریلوے کی عید خصوصی ٹرین، پردیسیوں نے ٹکٹ کٹوا لئے اور پشاور جانے والی پہلی عید سپیشل ٹرین میں سوار ہو گئے، اندرون ملک جانے والے مسافروں کے چہرے خوشی سے کھلے دکھائی دیئے۔
مسافر کہتے عید سپیشل ٹرین کے انتظامات پر ریلوے کے شکر گزار ہیں، امید ہے واپسی کے لئے بھی خصوصی ٹرین چلائی جائے۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر آفیسر اسحاق بلوچ کاکہنا تھا کہ عید ٹرین میں 734 مسافر سفر کر رہے ہیں جس سے ریلوے کو 13 لاکھ روپے کا منافع ہو گا، پہلی عید ٹرین پیر کی رات گیارہ بجے پشاور پہنچے گی۔
دوسری خصوصی عید ٹرین پیر کو کینٹ سٹیشن سے لاہور کے لئے روانہ ہوگئی جس میں سات سو اسی مسافر سفر کریں گے۔