کوئٹہ: ڈبل شاہ کی انٹری، سرمایہ لگانے پر 60 فیصد منافع کا لالچ، شہری لٹ گئے

Last Updated On 21 May,2019 02:50 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں بھی ڈبل شاہ کی انٹری، نجی کمپنی کا مالک شہریوں کے کروڑوں روپے لوٹ کر بیرون ملک فرار ہو گیا۔

کوئٹہ میں گزشتہ 2 سال سے کام کرنے والی نجی کمپنی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنی جمع پونجی لگائی، کمپنی مذکورہ رقم پر 60 فیصد ماہانہ رقم ادا کرتی تھی، کراچی سے تعلق رکھنے والے کپمنی کے مالک کاشف قمر نے لوگوں میں اعتماد بنایا اور تنخواہ دار ملازمین سے لیکر تاجر تک ہر ایک نے لاکھوں، کروڑوں روپے کمپنی میں لگائے۔

فروری میں کمپنی کا لائسنز ختم ہونے کے بعد نئے نام سے کمپنی نے کام شروع کر دیا، شہر میں مختلف مقامات پر اپنے دفاتر کھولے اور کئی نوجوانوں کو نوکریاں بھی دیں جو کمپنی کے ملازمین کے طور پر کام کرتے رہے، تاہم گزشتہ تین ماہ سے شہریوں کو منافع نہ مل سکا، کمپنی کا نام نہاد مالک کراچی کا رہائشی کاشف قمر شہریوں کو چونا لگا کر کروڑوں روپے لوٹ کر بیرون ملک فرار ہو گیا۔

متاثرین نے ایف آئی دفتر کے سامنے احتجاج بھی کیا، متاثرین کا مطالبہ ہے کہ حکومت کمپنی کے مالک کے خلاف کارروائی کرے اور اسے بیرون ملک سے واپس گرفتار کر کے لایا جائے۔