بلوچستان میں سٹیزن پورٹل پر شکایات کا ازالہ نہ ہونے پر وزیراعظم آفس کا اظہار مایوسی

Last Updated On 15 May,2019 11:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آفس نے سٹیزن پورٹل کی شکایات کا بروقت ازالہ نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے سرکاری افسر اور اہلکار شکایات کے ازالے میں کوتاہی برت رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائیں۔

چیف سیکرٹری بلوچستان کو بھجوائے گئے ایک مراسلہ میں وزیراعظم آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالے کی مانیٹرنگ کیلئے وزیراعظم مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا جس کے تحت تمام صوبوں کی کارکردگی کو جانچا جا رہا ہے۔

پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالے کے حوالے سے وقتاً فوقتاً وزیراعظم پاکستان کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔ تمام صوبوں میں بلوچستان شکایات کے ازالے میں سب سے پیچھے ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان حکومت نے کل 4791 شکایات میں سے صرف 800 شکایات حل کی ہیں جو کہ محض 17 فیصد بنتا ہے۔ اسی طرح 4791 میں 1152 شکایات زائد المیعاد ہیں جو 24 فیصد بنتی ہیں۔

صوبہ بلوچستان میں سرکاری دفاتر کو 53 پورٹل اکاؤٹنس دیئے گئے ہیں جن میں 41 اکاؤنٹس کی کارکردگی صفر ہے۔ سرکاری افسران اور دیگر اہلکاروں کی آسانی کیلئے ان کو گائیڈ لائن بھی مہیا کی گئی ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لیکن پھر بھی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے۔ عوام کے مسائل کو حل کرنا اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنا وزیراعظم پاکستان کا مشن ہے۔ سرکاری افسران اور اہلکار عوام کی خدمت کریں جبکہ چیف سیکرٹری بلوچستان غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔