کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں امن وامان کے لئے پولیس کی سپیشل سیکیورٹی ڈویژن فورس بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 13 سو سے زائد جوانوں پر مشتمل فورس کے قیام سے امن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔
کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے پولیس، ایف سی سمیت دیگر ادارے کام کر رہے ہیں، پولیس سکیورٹی اداروں میں وہ ادارہ ہے جس کے جوانوں نے اس سرزمین پر امن قائم رکھنے کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔ محکمے کو مزید مضبوط کرنے کے لئے پولیس کی جانب سے نئی سپیشل سکیورٹی ڈویژن فورس کے قیام کی تجویز حکومت بلوچستان کو دی گئی جسے صوبائی کابینہ نے منظور کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق سپیشل سکیورٹی ڈویژن فورس، ایس پی سکیورٹی کے ماتحت ہو گی جس کا مقصد ڈسٹرکٹ پولیس کی ذمہ داریوں میں کمی کرنا ہے۔ نئی بننے والی فورس روزانہ کی بنیادوں پر وی آئی پیز موومنٹ، محرم سمیت دیگر اہم تقریبات میں حفاظتی فرائض سرانجام دے گی۔
پولیس حکام کے مطابق سپیشل ڈویژن فورس ملک کے دیگر شہروں میں کام کر رہی ہے، بلوچستان میں موجود نہیں تھی۔ اس فورس کے بننے سے مختلف مواقعوں پر دیگر اضلاع سے اہلکاروں کو منگوانے کا عمل بھی ختم ہو جائیگا۔