کوئٹہ: (ویب ڈیسک)چمن کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے والی ایک خاتون ہلاک جبکہ دوسری زخمی ہو گئی۔ ہلاک ہونیوالی خاتون کی لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمی خاتون کو بھی ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ چمن شہر سے چھ کلو میٹر کے فاصلے پر سلطان زئی کے علاقے میں پیش آیا۔ چمن انتظامیہ کے مطابق موٹر سائیکل پر سواروں نے فائنگ کی اور ورکز کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے پولیو ورکر فوراً ہلاک ہو گئیں جبکہ مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کی تلاشی کیلئے کارروائی شروع کر دی ہے، ہلاک اور زخمی ہونیوالی پولیو ورکرز شادی شدہ تھیں۔
یاد رہے کہ چمن افغانستان سے متصل سرحدی علاقہ ہے اور ضلع قلعہ عبداللہ کا ہیڈ کوارٹر ہے۔ ماحول میں پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث قلعہ عبداللہ کا شمار پولیو کے حوالے سے ہائی رسک اضلاع میں ہوتا جس میں بدھ کو حالیہ پولیو مہم کا چوتھا روز تھا۔