لاہور: (دنیا نیوز) شفیق آباد میں مبینہ گھریلو جھگڑے پر نوجوان نے فائرنگ کر کے اپنے باپ اور 2 بہنوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق شفیق آباد کے علاقے فیروز پورہ میں اویس نامی نوجوان نے رات گئے اپنے باپ ریاض، 2 بہنوں مریم اور سدرہ پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں جس سے تینوں جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ سے اس کا بھائی فرحان زخمی ہوگیا۔
بعد میں ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر زندگی ختم کرلی۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیں۔ زخمی فرحان کو بھی ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ ایس پی سٹی سید غضنفر علی شاہ کا کہنا تھا زخمی ہونے والے بھائی فرحان کے بیان کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے، واقعے کی تحقیقات ہر پہلو سے کی جا رہی ہیں۔
مقتول ریاض کے بڑے بیٹے شہزاد کا کہنا تھا فائرنگ کرنے والا اویس کا اکثر گھر والوں سے جھگڑا رہتا تھا۔ محلے دار فرید نے بتایا اویس کی اکثر اپنے گھر والوں کے ساتھ تلخ کلامی ہوتی تھی اور اسکا اپنے سسرال والوں کے ساتھ جھگڑا چل رہا تھا۔ متاثرہ خاندان کے عزیز و اقارب اور پڑوسی اس واقعے پر انتہائی غمزدہ تھے۔