اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے ملزمان خالد شمیم اور محسن علی اپنے اعترافی بیانات سے مُکر گئے۔ ملزمان نے اعتراف جرم سے انکار انسداد دہشتگردی عدالت کے سوالنامے کے جوابات میں کیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما عمران فاروق قتل کیس کے مرکزی ملزمان خالد شمیم اور محسن علی اعتراف جرم کے بیانات سے منحرف ہو گئے ہیں۔ خالد شمیم نے پولیس پر تشدد اور زور زبردستی کا الزام لگا دیا ہے جبکہ محسن علی نے کوئی اعترافی بیان نہ دینے کا دعویٰ کر دیا ہے۔
ملزم خالد شمیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجسٹریٹ کے روبرو اعترافی بیان قلمبند کرنے سے پہلے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ مجسٹریٹ نے میری مرضی کے خلاف تفتیشی افسر کی ہدایت پر بیان ریکارڈ کیا۔
دوسرے ملزم محسن علی کا کہنا ہے کہ اس نے ذہنی اور جسمانی تشدد کے باوجود اعترافی بیان دینے سے انکار کر دیا تھا۔ مجسٹریٹ سے پولیس تشدد کی متعلق شکایت کی، مگر اس نے پہلے سے تیار اعترافی بیان پر دستخط کئے اور مہر لگا دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزمان کے بیان ریکارڈ کرنے کے لئے سوالنامہ فراہم کیا تھا جن کے جوابات وکلا نے جمع کرائے۔