کراچی: (دنیا نیوز) شرافی گوٹھ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گٹکا اور ماوا بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر ایک ملزم گرفتار کر لیا، دوسرا فرار ہو گیا۔ بن قاسم پولیس نے گٹکا ماوا فروخت کرنے والے ملزم کو دھر لیا۔ دوسری کارروائی میں گڈاپ سے منشیات کی سپلائی میں ملوث ملزم کو بھی دھر لیا۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر شرافی گوٹھ کے ایک مکان میں چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کا جان لیوا گٹکا اور ماوا بنانے کا خام مال، کیمیکل اور پیکنگ مشینری کو تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے سپلائی کیلئے تیار گٹکا، ماوا بھی قبضے میں لیا ہے۔
ایس ایس پی ملیرکا کہنا ہے کہ ملزمان مضر صحت اشیا بنا کر شرافی گوٹھ، ابراھیم حیدری اور ملحقہ آبادی میں سپلائی کرتے تھے۔ ایک ملزم بھی گرفتار ہوا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ادھر بن قاسم پولیس نے گٹکا اور ماوا کی فروخت میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم مومن خان سے ملکی اور غیر ملکی گٹکا برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ دوسری طرف پولیس نے گڈاپ میں کاٹھور قبرستان کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کی جہاں منشیات کی سپلائی میں ملوث ملزم پکڑا گیا۔
گرفتار ملزم سے ایک کلو چار سو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور موبائل فون برآمد کر لیا۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزم خدا داد میمن گوٹھ اور گڈاپ کے علاقوں میں منشیات کی سپلائی کرتا تھا جو خود بھی نشے کا عادی ہے، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔