مستونگ آپریشن کے دوران خفیہ تربیتی کیمپ تباہ کیا گیا: سی ٹی ڈی

Last Updated On 17 May,2019 09:15 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ مستونگ میں آپریشن 14 گھنٹے جاری رہا۔ قابو کوہ مہران میں ہونے والے آپریشن کے دوران خفیہ تربیتی کیمپ بھی تباہ کیا گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق سی ٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ تباہ کیے گئے کیمپ میں دہشت گردوں کو تربیت دی جاتی تھی۔ کیمپ سے دو خود کش جیکٹس، 7 سب مشین گنیں، آئی ای ڈیز، 60 کلو دھماکہ خیزمواد برآمد کیا گیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کیمپ سےراکٹ لانچرز، اینٹی ٹینک مائنز، ڈیٹونیٹرز، 12 ہینڈ گرینیڈز، بال بیرنگ اور ایک تیار شدہ بم، پرائما کارڈز بھی برآمد ہوئے۔

ترجمان کے مطابق اس آپریشن کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کیئےنادرا سے مدد لے رہے ہیں۔ اس آپریشن میں حصہ لینے والے 4 اہلکار زخمی ہوئے تھے جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گزشتہ روز سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس کارروائی میں 4 سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: مستونگ: سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 9 دہشتگرد ہلاک، 4 اہلکار زخمی


دنیا نیوز کے مطابق مستونگ کے علاقے قابو کوہ مہران میں دہشت گردوں کے کیمپ پر سی ٹی ڈی اور سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ زخمی سکیورٹی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔