کراچی میں رات گئے سرچ آپریشن کے دوران 67 مشتبہ افراد گرفتار

Last Updated On 17 May,2019 08:58 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران 67 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ دوسری جانب مختلف حادثات کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق 4 افراد زخمی ہو گئے۔

 رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں سولجر بازار، پریڈی سٹریٹ، رتن تلائو، بریٹو روڈ، نشتر پارک کے اطراف، شاہراہ نورجہاں، ملیرسٹی، جناح اسکوائر، کورنگی صنعتی ایریا اور مولا رام کمپاؤنڈ میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے مشترکہ سرچ آپریشن کیا گیا جس میں بھاری تعداد میں پولیس اور رینجرز کے جوانوں نے حصہ لیا۔

آپریشن کے دوران مشکوک افراد اور گھروں کی تلاشی لی گئی۔ آپریشن رمضان اور خصوصن یوم علیؓ کے جلوس اور کراچی میں امن و امان کے حوالے سے کیا گیا۔ آپریشن میں بائیومیٹرک مشین اور شناختی کارڈ کے ذریعہ مشکوک افراد کو چیک کیا گیا سرچ آپریشن کے دوران 67 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ جن سے پوچھ گچھ کی گئی۔

دوسری جانب پیپلزچورنگی کے قریب ٹرک کی موٹر سائیکل سوار کو ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جابحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لاش اور زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کرلیا گیا۔ شاہراہ فیصل نرسری کے قریب ٹریفک حادثہ میں 3 افراد زخمی ہوگئے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹنے سے پیش آیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔