فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ڈاکو چور بے لگام، شہری غیر محفوظ ہو گئے۔ لوٹ مار کی بڑھتی وارداتوں میں شہری قیمتی جان و مال سے محروم ہونے لگے، پولیس ان پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہے۔
پاکستان کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں چوری ڈکیتی اور راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتیں انتہا کو پہنچ گئیں جبکہ ان وارداتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کی جانے والی پولیس کی کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں جس کی وجہ شہری دن دیہاڑے مصروف ترین مارکیٹوں اور بازاروں میں بھی ڈاکووّں کے ہاتھوں لُٹتے دکھائی دیتے ہیں۔ شہری کہتے ہیں کہ پولیس کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے تو اپنے گھروں سے باہر نکلتے ہوئے بھی خوف آنے لگتا ہے۔
فیصل آباد شہر اور گردونواح میں ہونے والی ڈکیتی چوری کی واداتوں کی تعداد روزانہ کی بنیاد پر 50 سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ آر پی او فیصل آباد غلام محمود ڈوگر کی تو منطق ہی اُلٹی ہے کہتے ہیں کہ پولیس اور ڈولفن فورس کی پٹرولنگ سے حالات بہتری کی جانب جارہے ہیں۔
شہری پولیس کے اعلی حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اپنے ماتحت ملازمین کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے انکی قیمتی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے۔