کوئٹہ: عید خریداری انتہائی مہنگی، چوڑیاں تک خریدنا مشکل، خواتین پریشان

Last Updated On 29 May,2019 05:11 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوتے ہی بازاروں میں خریداری بڑھ گئی ہے لیکن کوئٹہ کی خواتین بہت پریشان ہیں، عید کے لیے چوڑیاں لینی ہیں مگر مہنگی بہت ہیں۔

ماہ رمضان کے دوسرے عشرے کے اختتام پر بازار ہی نہیں شاپنگ مال میں بھی رش بڑھ گیا ہے، چوڑی گلی سمیت مختلف مقامات پر چوڑیوں کے سٹال بھی لگ گئے کیونکہ عید چوڑیوں کے بغیر نامکمل سی لگتی ہے مگر اس بار خواتین کا گلہ ہے کہ چوڑیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

جہاں ایک جانب خواتین مہنگائی کا رونا رو رہی ہیں وہیں دکاندار بھی پریشان ہیں، چوڑیوں کے سٹال پر رکھی رنگ برنگی چوڑیوں میں بچوں کے لئے سیٹ 4 سو سے 5 سو جبکہ بڑے چوڑیوں کے سیٹ 6 سو سے سات سو میں فروخت کئے جارہے ہیں مگر مہنگائی ہونے کے باوجود خواتین اپنے ملبوسات کے ساتھ میچنگ چوڑیاں ضرور خرید رہی ہیں۔