عمران خان کا وقت پورا ہو چکا، جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے: نواز شریف

Last Updated On 13 June,2019 09:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری اور حمزہ کی گرفتاری بلا جواز ہے، عمران نیازی کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں ہے۔

 سابق وزیراعظم نواز شریف نے جیل میں مختلف رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ن لیگ کے دور میں روپیہ مستحکم تھا، تیل کی قیمتیں کم تھیں، حکومت کے بہت سارے وزراء کرپشن میں ملوث ہیں کوئی نہیں دیکھ رہا۔ انہوں نے کہا عمران خان کی نا اہلی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، ملکی معشیت کا جنازہ نکل رہا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، ن لیگ نے مہنگائی کو نکیل ڈال کر رکھی تھی۔

 نواز شریف کا کہنا تھا جہانگیر ترین سمیت دیگر کرپٹ لوگ اس کی اپنی جماعت میں ہیں، ہم نے آئی ایم ایف کو خیر باد کہا مگر عمران خان کشکول لیکر اس کے پاس چلا گیا، بھارتی وزیراعظم نے عمران خان کو منہ نہیں لگایا، وہ اس کا فون سنتا ہے نہ حلف برداری میں بلاتا ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان کا وقت پورا ہوچکا ہے، جلد اپنے انجام کو پہنچنے والا ہے، عوام جانتے ہیں کیا ہو رہا ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم کی ناقص پالیسیوں سے عوام پریشان ہے، ہمارے دور میں مودی اور واجپائی پاکستان آئے۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، رانا ثنااللہ، میاں جاوید لطیف، سہیل ضیا بٹ، بلال اکبر خان، ملک افضل کھوکھر، مرزا جاوید، میاں رؤف، پیر اشرف رسول، میاں مصطفی ہارون بھٹہ سمیت دیگر رہنماوں نے نواز شریف سے ملاقات کی۔