اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ اسمبلی سیشن کو مجرمان کو بچانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، ایوان کو اکھاڑہ نہیں بننے دیں گے، مارشل لا کا چانس نہیں، ملک میں اچھا نظام چل رہا ہے، جلد حسن، حسین نواز اور اسحاق ڈار کو واپس لائیں گے، ریکوری کا مرحلہ جلد شروع ہوگا۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، پاکستان پر امن ملک ہے، ہمیں اپنی پالیسی پر کار بند رہنا ہے، بھارت سے بہتر تعلقات کیلئے ہمیشہ قدم بڑھایا، بھارت اگر مذاکرات نہیں کرتا تو نقصان اس کا اپنا ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا آصف زرداری نے وفاق کے پیسے سندھ سے بیرون ملک بھیجے، نواز شریف، آصف زرداری اپنے گناہوں کی سزا بھگت رہے ہیں، دونوں کے پاپا جیلوں میں ہیں، پاپاؤں کو جیل سے نکالنے کیلئے اسمبلی اجلاس کو بہانہ بنایا جاتا ہے، قومی اسمبلی اجلاس کو اکھاڑہ نہیں بننا چاہیئے، کچھ لوگ گالیوں پر اتر آتے ہیں، وزیراعظم جب بھی اسمبلی آئے اپوزیشن نے ہنگامہ کیا۔