کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بجلی کا بدترین بحران، متعدد علاقے لوڈشیڈنگ کا شکار ہوگئے، پانی کی قلت پر شہری خوار ہوگئے۔ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی تا حال بحال نہ ہوسکی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جاری ہے۔ ملیر، شاہ فیصل، لانڈھی، کورنگی، لیاقت آباد کے مکین بجلی کی بندش سے پریشان ہیں۔ نارتھ کراچی، سرجانی، اورنگی ٹاؤن میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں غیر اعلانیہ اضافہ کر دیا گیا۔
زمان آباد، عوامی کالونی، مانسہرہ کالونی، فیو چر کالونی میں لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ لیاری کے متعدد علاقوں نیو کراچی، لانڈھی، لیبر اسکوائر میں بجلی کی آنکھ مچولی جبکہ کورنگی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ادھر شہر قائد کے باسی پانی پانی کی دہائی دیتے خوار ہو رہے ہیں۔ دھابیجی پمپنگ سٹیشن کی بجلی بحال نہ ہوسکی۔ دھابیجی سے کراچی کو پانی کی فراہمی تاحال بند ہے، شہر کو 100 ملین گیلن سے زائد پانی فراہم نہیں کیا جاسکا۔ کے الیکٹرک کے گرڈ اسٹیشن میں آگ سے پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بند ہوئی جس کی بحالی کا کام ہو رہا ہے۔
بجلی کے بحران پروزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط اور ریکارڈ کے منافی ہے، کراچی کیلئے 150 میگاواٹ بجلی کی منظوری دی، کے الیکٹرک میں نظام نہ ہونے سے ترسیل ممکن نہیں، کے الیکٹرک کو نظام میں بہتری لانا ہوگی۔