کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ وسائل میں بہترین بجٹ دیا، وفاق نے پیسے مزید کم کر دیئے، صوبوں کے ساتھ نا انصافی ہوگی تو عوام کو بتائیں گے۔
مراد علی شاہ نے پوسٹ بجٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا وفاقی بجٹ سے قبل آصف زرداری جبکہ سندھ کے بجٹ کے دن فریال تالپور کو گرفتار کیا گیا، سیاسی انتقام کی مخالفت کرتے ہیں، وفاقی حکومت کی ناتجربہ کاری کی سزا عوام بھگت رہے ہیں، پیپلزپارٹی کسی دھمکی سے کبھی نہیں ڈرتی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا 30 مئی 2019 کو وفاق نے سندھ حکومت کو خط لکھا، خط میں لکھا گیا وفاق سندھ کو 666.7 ارب روپے دے گا، بجٹ پیش ہونے کے بعد خط ملا جس میں ایک ارب اور کم کر دیا گیا، باقی صوبوں کے ساتھ بھی یہی رویہ رکھا جا رہا ہے، سندھ حکومت نے رقم کے حساب سے بجٹ کیلئے ورکنگ کرلی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں اپوزیشن ارکان کے کردار کی مذمت کرتا ہوں، میرے سامنے میرے نام کا مذاق اڑایا جاتا ہے میں ان کو کیا کہوں، میرا نہیں خیال کہ اپوزیشن بجٹ میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتی ہے، ہم نے موجودہ وسائل میں بہترین بجٹ دیا ہے۔