اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں نمبر گیم تبدیل کرنے اور بجٹ کی منظوری روکنے کیلئے کوششیں جاری ہیں، پیپلزپارٹی کے وفد نے سردار اختر مینگل سے ملاقات کی اور انہیں اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کی دعوت دی۔
سردار اختر مینگل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج کی ملاقات میں کافی سیر حاصل بحث ہوئی، جمہوری ادارے مضبوط ہونے تک مسائل حل نہیں ہوں گے، آج کافی نکات پر بات ہوئی، چند دن میں دوبارہ ملاقات ہوگی، بی این پی کے مطالبات ڈھکے چھپے نہیں ہیں، ہمارے مطالبات بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے ہیں، حکومت کے سامنے 6 نکات رکھے تھے لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔
ان کا کہنا تھا پیپلزپارٹی کے سامنے وہی نکات رکھے، دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی دیں گے، حکومتی وفد کے ساتھ دو ٹوک الفاظ میں بات کی تھی، مسئلہ بجٹ میں ووٹ دینا نہیں بلوچستان کی حالت ہے، سیاسی ایشو حل نہیں ہوئے تو چند روز تک حکومت کے ساتھ نہیں چل سکتے۔