نارووال کے قریب کوسٹر اور وین میں تصادم، 5 افراد جاں بحق، 15 زخمی

Last Updated On 16 June,2019 11:35 am

نارووال: (دنیا نیوز) نارووال ظفروال روڈ پر دھبلی کے قریب کوسٹر اور ہائی ایس وین میں تصادم کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے 5 افراد زندہ جل گئے جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق وین ٹکرانے کے باعث اچانک آگ لگ گئی، وین میں لوگ جان بچانے کے لئے پکارتے رہے۔

ظفروال سے لاہور جانیوالی کوسٹر اور علی پور سے ظفروال جانے والی ٹویوٹا وین دھبلی والا سٹاپ کے قریب وین آمنے سامنے آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں 5 افرد زندہ جل کر جاں بحق ہوگئے، لاشیں جل کر کوئلہ بن گئیں جن کی شناخت ناممکن ہے جبکہ 15 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔

زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال نارووال میں طبی امداد دی جارہی ہے، زخمی افراد اور لواحقین سے ایکسرے کے پیسے وصول کئے جا رہے ہیں کوئی بھی سینئر ڈاکٹر اور ایم ایس کافی دیر تک ہسپتال نہ پہنچ سکے۔

علاج نہ ہونے پر لواحقین ہسپتال میں چیخ و پکار کرتے رہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ریسکیو اور پولیس جائے وقوعہ پر آدھے گھنٹے کی تاخیر سے پہنچے، کوئی بھی ضلعی آفیسر جائے وقوعہ پر نہ پہنچا۔ دور دراز سے لوگ اپنے پیاروں کی شناخت کے لئے ہسپتال پہنچتے رہے۔