اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات نے اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جاتی امرا کی سڑکیں اور دیواریں تک عوام کے پیسے سے بنیں، شہباز شریف قوم کو زہر کے ٹیکے لگا کر گئے، لیکچر دینے والا ٹولہ آنکھیں نیچی کرکے بات کرے۔
کابینہ اجلاس کے فیصلوں پر میڈیا کو بریفنگ میں فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ ماضی کے وزرائے اعظم چادر سے زیادہ پاؤں پھیلاتے رہے، وزیراعظم ہاؤس کے گزشتہ دور کے 28 کروڑ بجلی کے بل ہم ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نے 2014-15ء میں 86 کروڑ کا بجٹ استعمال کیا لیکن عمران خان نے کفایت شعاری کی مہم اپنے آپ سے شروع کرتے ہوئے اپنے اخراجات کم کیے، وہ چاہتے ہیں کہ قوم اس مشکل وقت میں ساتھ دے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے جیل جانے والے اپنے آپ کو سیاسی قیدی قرار دیتے ہیں۔ پنجاب حکومت ان کی عیاشیوں کی قیمت ادا کر رہی ہے۔ پورے کا پورا شاہی خاندان سرکاری خرچے پر پل رہا تھا۔ جاتی امرا کی سڑکیں اور دیواریں تک قوم کے پیسوں سے بنائی گئیں۔ شہباز شریف نے 45 بلین صرف ذاتی تشہیر پر خرچ کیا اور قوم کو زہر کے ٹیکے لگا کر گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن شرمندہ ہونے اور آنکھیں نیچے کرنے کے بجائے سینہ زوری کرتے ہیں اور کہتے ہیں بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے، آپ لوگ یہ بات کرنے والے کون ہوتے ہیں، بجٹ حکومت کیساتھ جڑا ڈاکیومنٹس نہیں، قومی سلامتی کیساتھ جڑا ہے۔ اپوزیشن کے پروپگنڈے کی وجہ سے اہم امور پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن مولا جٹ اور نوری نت کی طرح بڑھکیں نہ مارے۔ کچھ کہتے ہیں کہ پارلیمنٹ مدت پوری کرے لیکن کچھ نہیں چاہتے۔ پہلے اپوزیشن خود ایک رائے پر متفق ہو جائے، پھر حکومت انہیں سنجیدہ لے گی۔
کابینہ اجلاس بارے بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاس میں احتساب کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی۔ انکوائری کمیشن کے اہم فیصلے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔ یہ انکوائری کمیشن پاکستان کی تاریخ میں نیا ٹرینڈ سیٹ کرے گا۔ حکومتیں آتی جاتی رہیں گی لیکن انکوائری کمیشن اپنا کام کرتا رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان صرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ستمبر میں جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے جائیں گے۔ دونوں شخصیات فائیو سٹار ہوٹل کے بجائے سفیر کی رہائش گاہ میں قیام کریں گی۔