اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا انکوائری کمیشن کے سربراہ کا اعلان اگلے ہفتے کر دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دس سال اقتدار میں رہنے والوں کا دس ماہ کی حکومت کی کارکردگی پر سوال صدی کا سب سے بڑا لطیفہ ہے۔ پبلک آفس ہولڈر رہنے والے ہر شخص کو اعمال کا حساب دینا ہوگا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شریف خاندان نے نشان عبرت بن کر بھی سبق نہیں سیکھا۔ تین بار وزیراعظم بننے والا کرپشن میں مصروف رہا۔ جیل کو مقدس مقام کا درجہ دینے والے ظل سبحانی کی زیارت پر فخر کرتے ہیں۔
انہوں نے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ! آپ کے والد کو غرور اور تکبر کی سزا ملی، مزید کچھ کہا تو جواب دینے کیلئے بہت کچھ باقی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز طے کیے جا رہے ہیں۔ کمیشن آئین اور قانون کے دائرہ کار میں بنایا جائے گا۔ اگلے ہفتے اس کے چیئرمین کے تعنیاتی ہو جائے گی۔ اس کا سربراہ ایسا شخص ہوگا جس کا اپنا دامن صاف ہوگا۔
وزیراعظم کی رات گئے تقریر پر اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا استحقاق ہے کہ وہ جب مرضی قوم سے خطاب کر سکتے ہیں، قوم کو حقائق سے آگاہ کرنا ان کی آئینی ذمہ داری ہے۔ عمران خان کو ووٹ ہی عوام نے احتساب کے لیے دیا ہے۔ وزیراعظم ملک کو گلے، سڑے نظام سے چھٹکارے کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں۔ سیاست سے گند صاف کرنے کا عمل انہوں نے ہی شروع کیا۔