اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب اور ملائیشیا کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے بعد اب انڈین جیلوں میں قید پاکستانیوں کو رہا کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے ملک بھر کی جیلوں میں قید انڈین قیدیوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، پاکستانی اور بھارتی قیدیوں کا تبادلہ کیا جائے گا۔
وزارت خارجہ کی جانب سے بھجوائے گئے مراسلہ میں چاروں صوبوں کے آئی جیز جیل خانہ جات سے تفصیلات جلد فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔
صوبوں کے علاوہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے بھی انڈین قیدیوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔
وزارت خارجہ کی جانب سے انڈین قیدیوں کی تفصیلات کی صاف فوٹو کاپی اکیس جون سے پہلے بھجوانی ہوں گی۔
پاکستان اور انڈین قیدیوں کے تبادلوں کے حوالے سے یکم جولائی کو وزارت خارجہ کے دفتر میں اعلی سطح میٹنگ ہوگی۔
وزارت خارجہ نے تمام انڈین قیدیوں کا مکمل ڈیٹا، کیسز اور سزا وغیرہ کی مکمل تفصیلات طلب کی ہیں۔