اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے حکومتی جماعت کے سینیٹرز کو جارحانہ حکمت عملی اپنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن احتجاج کرے تو بھرپور جواب دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے حکومتی جماعت کے سینیٹرز کی ملاقات ہوئی۔ وفد میں سینیٹر شبلی فراز، سجاد طوری، نعمان وزیر اور سینیٹر محسن عزیز شامل تھے۔
ملاقات میں بجٹ اجلاس سے متعلق مشاوت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے متعلق حکمت عملی طے کی گئی۔
وزیراعظم نے سینیٹ میں جارحانہ حکمت عملی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن احتجاج کرے تو اس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے ان چوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومتی کوششوں سے دنیا پاکستان کو اہم ملک کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے۔ انشا اللہ جلد ہمارا ملک ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ نقطہ نظر کے اختلاف کو ذاتی اختلاف کی حد تک لے جانا کسی صورت مناسب نہیں ہے۔ عوام پارلیمنٹیرینز کو اپنے حقوق اور امنگوں کے ترجمان کی حیثیت سے دیکھتے ہیں۔ ارکان جب عوام کی آواز بنتے ہیں تو عوام کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔