اسلام آباد: (دنیا نیوز) قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو تقسیم کر دیا۔ مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی کی گئی، بہتر ہے وزیراعظم چپ ہی رہا کریں۔
بھارت کیخلاف ہائی وولٹیج ٹاکرے میں کرکٹ اور سیاست ساتھ ساتھ،”ریلو کٹے دباؤ میں نہیں کھیل سکتے“ وزیراعظم کے بیان پر اپوزیشن رہنما سیخ پا۔
پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے وزیراعظم کے بیان کو حیران کن قرار دے دیا اور کہا کہ عمران خان نے قومی ٹیم کو تقسیم کر دیا، وہ بتائیں ریلو کٹے ٹیم میں کیسے آگئے؟
ترجمان نواز لیگ مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پوری قوم ٹیم کیلئے دعاگو لیکن نالائق اعظم نے ریلو کٹے کہہ دیا۔ عمران صاحب! ٹیم کا حوصلہ بڑھایا جاتا ہے، حوصلہ شکنی نہیں کی جاتی، کتنی دفعہ مفت مشورہ دیا ہے کہ آپ چُپ رہا کریں۔
دوسری طرف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے پر معاون خصوصی نعیم الحق قومی کپتان پر ناراض نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے مشورے کے باوجود سرفراز احمد نے پہلے بیٹنگ نہیں کی۔ نعیم الحق نے کہا کہ ہدف حاصل کرنے میں قومی ٹیم کا ریکارڈ برا ہے۔