مانچسٹر: (ویب ڈیسک) محمد عامر کی باؤلنگ کا خوف ویرات کوہلی کے اعصاب پر سوار ہونے لگا۔ پاکستانی ٹیم کو ٹیلنٹیڈ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرفراز الیون کے پاس بہترین بیٹسمین موجود ہیں۔ شیکھر دھون کے ورلڈکپ سے آؤٹ ہونے کو ٹیم کے لیے دھچکا قرار دیدیا۔
بھارتی کپتان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے عالمی کپ میں روایتی حریف پاکستان کیساتھ میچ میرے اور محمد عامر کے درمیان نہیں دو ٹیموں میں ہے۔ بھارتی کپتان نے پچاس اوور کا میچ نہ ہونے پر ٹیم کمبی نیشن بدلنے کا اعلان کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: وہاب ریاض اور محمد عامر کیخلاف بھارتی بیٹسمین جارحانہ انداز اپنائیں: ٹنڈولکر
مانچسٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے سامنے بولر کوئی بھی ہو فوکس صرف گیند پر ہوتا ہے، کسی ایک بولر کے ساتھ مقابلہ کبھی ذہن میں نہیں رکھا۔ سامنے عامر ہو یا کوئی پارٹ ٹائم بولر اگر خراب شاٹ کھیلا تو وکٹ جائے گی۔ عامر ہو یا ربادا، اچھے بولر کی صلاحیت کا احترام کرنا ضروری ہے۔
پاکستان کیساتھ میچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ گرین شرٹس کی ٹیم میں بہت ٹیلنٹیڈ پلیئرز ہیں لیکن مخالف ٹیم کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتا، کوشش ہے کہ گرائونڈ میں بہتر کرکٹ کھیلیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پچاس اوورز کی کرکٹ ہو لیکن اگر ایسا نہیں ہوا تو پھر کامبی نیشن تبدیل کرینگے۔
پاک بھارت مقابلوں کی گرمی پر کوہلی نے کہا کہ بطور پروفیشنل کرکٹر ان کیلئے یہ بس ایک میچ ہے، کھلاڑیوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ بھی اس میچ کو پروفیشنل میچ کی طرح لیں، باہر کا ماحول انجوائے کرنا فینز کا کام ہے۔ شکھر دھون کا نہ ہونا ایک دھچکا ضرور ہے لیکن ان کی جگہ آنے والے کھلاڑی بھی اچھے ہیں اس لئے زیادہ ٹینشن نہیں ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران شعیب ملک کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آل راونڈر نے اپنے ملک کیلئے بہت کچھ حاصل کیا یہ ورلڈ کپ ان کا آخری ہے اس کے بعد کی زندگی کیلئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہارہے ۔