مانچسٹر: (ویب ڈیسک) کوچ مکی آرتھر نے ٹیم سے ورلڈ کپ میں بھارت کیخلاف چیمپئنز ٹرافی کے فائنل جیسی کارکردگی کی اُمید لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سینئر بیٹسمین شعیب ملک کی بیٹنگ پر تنقید بلا جواز ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی، جس دن پاکستان نے بہترین کرکٹ کھیل لی اس دن یہ ٹیم کسی بھی حریف کو شکست دے سکتی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران کوچ نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی بھارت کیخلاف جیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی کو دو سال ہو چکے ہیں، کل کے میچ میں چیمپئنز ٹرافی جیسی کارکردگی دکھائیں گے۔ دنیا کی نظریں اس میچ پر ہوتی ہے اور یہ کرکٹ کا سب سے بڑا میچ ہے۔
پاک بھارت ورلڈ کپ ٹاکرے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی اہمیت اتنی ہے جتنی کسی اور میچ کی لیکن اس میچ کی کارکردگی پلیئرز کے کیرئیر کو تبدیل کر سکتی ہے۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ اس میچ میں بھی دیگر میچز کی طرح دو پوائنٹس ہی ملنے ہیں لیکن اگر کوئی پلیئر اس میچ میں پرفارم کر گیا تو اس کی کارکردگی کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ یہ کہنا درست نہیں کہ شعیب ملک فیل ہو گئے، ویسٹ انڈیز کے خلاف وہ ٹیم میں شامل نہیں تھے، انگلینڈ کے خلاف وہ تین اوور کھیلے جب کہ آسٹریلیا کے خلاف بدقسمت رہے، شعیب ملک کی کارکردگی کا تجزیہ اگلے دو میچز میں ہو گا۔
ہیڈ کوچ نے فیلڈنگ کے حوالے سے کہا کہ بیٹنگ اور بولنگ میں کارکردگی کا انحصار حریف کی کارکردگی پر بھی ہوتا ہے لیکن فیلڈنگ ایسا شعبہ ہے جس کی پوری کارکردگی آپ کے ہاتھ میں ہے، اس لئے بھارت کے خلاف مکمل توجہ کے ساتھ فیلڈنگ کرنا ہو گی۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر ناقابل بھروسہ کا ٹیگ اچھا نہیں لگتا لیکن یہی ٹیگ پاکستان کرکٹ ٹیم کو دلچسپ بھی بناتا ہے۔